شکاگو (جیوڈیسک) صدر براک اوباما کا کہنا ہے امریکا اب پہلے سے زیادہ محفوظ ہے، وہ مسلمان امریکیوں پر تنقید کو مسترد کرتے ہیں، انہوں نے بغیر گولی چلائے ایران کے جوہری پروگرام کو ختم کیا اور القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو کیفر کردار تک پہنچایا۔
براک اوباما نے بطور امریکی صدر شکاگو میں الوداعی خطاب کیا جس میں انہوں اپنی آٹھ سالہ کارکردگی کا جائزہ پیش کیا ۔ انہوں نے کہا آج ان کی باری ہے کہ وہ امریکی شہریوں کا شکریہ ادا کریں ، انہوں نے کہا امریکا اب پہلے سے زیادہ بہتر اور محفوظ ہے۔
صدر اوباما نے اپنی کارکردگی کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا انہوں نے ہتھیار اٹھائے بغیر ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ کیا ، ان کے دور میں القاعدہ کا سربراہ اسامہ بن لادن کیفر کردار کو پہنچا ، کیوبا کے ساتھ تعلقات بہتر ہوئے۔
صدر اوباما نے کہا آج ہماری معیشت ترقی کر رہی ہے اور غربت کم ہو رہی ہے ، انہوں نے تارکین وطن کے حوالے سے نئی انتظامیہ کی پالیسی پر بھی تنقید کی۔
انہوں نے کہا وہ مسلمان امریکیوں کے خلاف تنقید کو مسترد کر تے ہیں ، صدر اوباما نے جذباتی انداز میں اپنی اہلیہ خاتون اول مشیل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں اپنی بہترین دوست قرار دیا۔
الوداعی تقریب میں نائب صدر جو بائڈن ، ان کی اہلیہ جل بائڈن اور وائٹ ہاؤس سٹاف کے ارکان بھی موجود تھے۔