اسلام آباد (جیوڈیسک) ہائی کورٹ نے کسان پیکج پر عملدرآمد روکنے کے خلاف حکم امتناعی کی حکومتی درخواست مسترد کردی ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 اکتوبر تک جواب طلب کیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیراعظم کسان پیکج کی معطلی کیخلاف درخواست کی سماعت جسٹس نورالحق قریشی اور جسٹس عامر فاروق نے کی۔ وفاقی کی جانب سے اٹارنی جنرل سلمان بٹ پیش ہوئے۔
اٹارنی جنرل سلمان بٹ نے عدالت کو بتایا کہ کسانوں نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا اور دھرنا دیا، تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈرز نے کسانوں کے حق میں بیان جاری کئے، کسانوں سے مذاکرات کے بعد کسان پیکج کا اعلان کیا گیا، الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کیا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاق کی جانب سے حکم امتناعی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا حکم معطل کیا تو مزید پیچیدگیاں پیدا ہوں گی۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 اکتوبر تک جواب طلب کیا ہے۔ وفاقی حکومت نے وزارت خوراک کے ذریعے الیکشن کمیشن کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔