اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کو خط لکھ دیا جس میں آل پاکستان کسان کانفرنس میں سامنے آنے والے مطالبات تسلیم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی جانب سے وزیر اعظم محمد نواز شریف کو خط تحریر کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی کسان شدید مشکلات سے دوچار ہے جس کے باعث چوبیس فروری کو آل پاکستان کسان کانفرنس کا اسلام آباد میں انعقاد کیا گیا جس میں سیاسی جماعتوں کی قیادت ، کسان تنظیموں اور ان کے رہنمائوں نے شرکت کی۔
اپوزیشن لیڈر نے خط کے ساتھ آل پاکستان کانفرنس کا اعلامیہ اور چارٹر آف ڈیمانڈ لف کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد نواز شریف سے درخواست کی گئی ہے کہ کسانوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کیے جائیں۔
کسانوں کے چارٹر آف ڈیمانڈ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر ملک بھر میں زرعی ایمرجنسی کا نفاذ کیا جائے۔ فصلوں پر جی ایس ٹی سمیت تمام ٹیکسز ختم کیے جائیں، زرعی سامان کی برآمدات پر ڈیوٹی کا نفاذ ختم کیا جائے۔
زرعی ٹیوب ویلوں کے لئے بجلی کی قیمت پانچ روپے فی یونٹ فکس کرنے سمیت دیگر مطالبات شامل ہیں۔