لاہور : فرخ شہباز وڑائچ 2017ء کیلئے نوجوان قلم کاروں کی نمائندہ تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ (پی ایف یو سی) کے صدر منتخب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پی ایف یو سی کے بورڈ آف گورنرز کا اہم اجلاس پی ایف یو سی کے مرکزی دفتر میں ہوا جس میں تمام بورڈ ممبران نے شرکت کی۔
اس موقع پر بیشتر تنظیمی امور زیر بحث آئے اور پی ایف یو سی کی ترقی کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو ہوئی ۔ بورڈ آف گورنرز نے کثرت رائے سے 24 سالہ فرخ شہباز وڑائچ کے عہدے میں توسیع کرتے ہوئے سال 2017ء کیلئے پی ایف یو سی کا مرکزی صدر مقرر کردیا۔
فرخ شہباز وڑائچ اس سے قبل نہ صرف 2016 ء میں پی ایف یو سی کے کامیاب مرکزی صدر رہے ہیں بلکہ گذشتہ سے پیوستہ تین سال مثالی جنرل سیکرٹری کے طور پر بھی قابل ذکر ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔ تمام بڑے کالم نگار اور صحافت کے اساتذہ فرخ شہباز وڑائچ کی کاوشوں کی بارہا تعریف بھی کرچکے ہیں۔
نومنتخب صدر فرخ شہباز وڑائچ نے آئندہ چند روز میں اپنی کابینہ کی ازسرِ نو تشکیل کا اعلان بھی کیاہے۔ سیاسی و صحافتی حلقوں نے فرخ شہباز وڑائچ کو ایک مرتبہ پھر صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔