فرزانہ قتل کیس میں باپ، بھائی اورسابق شوہر کو 3 ،3 بار سزائے موت کا حکم

Murder

Murder

لاہور (جیوڈیسک) انسداد دہشتگردی عدالت نے فرزانہ قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مقتولہ کے باپ، بھائی، سابق شوہر اور کزن کو سزائے موت سنا دی۔ لاہورکی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج ہارون لطیف نے رواں سال مئی کے مہینے میں عدالتی احاطے میں اینٹیں مار کر قتل ہونے والی خاتون فرزانہ پروین کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے۔

مقتولہ کے والد عظیم ، بھائی زاہد اقبال، سابق شوہر مظہر اقبال اور کزن جہان خان کو 3،3 بار سزائے موت اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ عدالت نے مقتولہ کے ایک اور شریک مجرم بھائی غلام علی کو 10 سال قید اورایک لاکھ روپے جرمانے کی بھی سزا سنائی۔

واضح رہے کہ رواں سال 27 مئی کو پسند کی شادی کرنے والی فرزانہ پروین کو اس کے اپنے سگے باپ، بھائی، سابق شوہر اور رشتہ داروں نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر اینٹیں مار کر قتل کردیا تھا جس پر سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ نے ازخود نوٹس لیا تھا۔