کراچی (جیوڈیسک) ماڈل صائمہ اظہر نے کہا ہے کہ لائیو فیشن کیٹ واک میں پرفارمنس ماڈل کے لئے امتحان ہوتا ہے، فلموں میں کام کرنے کی آفر ز مل رہی ہیں۔ ٹی وی ڈرامہ سیریل میں اعجاز اسلم کیساتھ کام کیا ہے۔ گزشتہ برس سال کی بہترین ماڈل کا ایوارڈ ملنے کے بعد کئی اداروں کی جانب سے فلموں میں کام کرنے کی آفرز ملتی رہی ہیں تاہم میں نے ہدایتکار شمعون عباسی کی فلم گدھ میں کام کرنے کی آفر قبول کی۔ انکا کہنا تھا کہ ماڈلنگ کی مصروفیات کی بنا پر ڈراموں و فلموں کے لئے وقت نکالنا مشکل امر ہے۔ شمعون عباسی کے کام سے متاثر ہوں، ان کو انکار نہیں کرسکی۔ امید ہے کہ مداح فلم میں میری پرفارمنس کو پسند کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی فیشن شوز میں شرکت کرکے ہم نے ملک کو ایک نئی شناخت دی ہے۔ فیشن انڈسٹری کی بنا پر اب دنیا بھر میں پاکستانی برانڈڈ ملبوسات کو ہاتھوں ہاتھ لیا جاتا ہے۔ جس کا عملی مظاہرہ کئی ایک بین الاقوامی فیشن کیٹ شوز میں دیکھ چکی ہوں۔ ماڈلز و ٹی وی اداکاروں کا فلموں میں کام کرنا ملکی فلم انڈسٹری کے روشن مستقبل کے لئے خوش آئند امر ہے۔