لاس اینجلس (اصل میڈیا ڈیسک) ایکشن سے بھرپور فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریس 9‘ کی ریلیز بھی دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے ہوئے کورونا وائرس کی وجہ سے کھٹائی میں پڑ گئی۔
کورونا وائرس نامی مہلک وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ سپر پاور سمجھے جانے والے ممالک ملک بھی کورونا وائرس کی وجہ سے دیگر متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہیں۔ اس وائرس نے دنیا بھر کی معیشت کو متاثر کردیا ہے وہیں بین الاقوامی فلمی صنعت کو بھی اب تک پانچ ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے مشہور جاسوسی فلم سیریز جیمز بانڈ کی آنے والی فلم ’ نو ٹائم ٹو ڈائی‘ اور ’’بلیک وڈو‘‘ کے بعد اب ایکشن اور مار دھاڑ سے بھرپور فلم ’’فاسٹ اینڈ فیوریس‘‘ کے نویں ایڈیشن کی ریلیز کی تاریخ بھی آگے منتقل کردی گئی۔
فاسٹ اینڈ فیوریس 9 کو رواں سال عید الفطر یعنی مئی میں ریلیز کیا جانا تھا تاہم کورونا وائرس کے پیش نظر فلم اب اگلے برس دنیا بھر میں اپریل میں ریلیز کی جائے گی جب کہ 2 اپریل کو امریکا کے سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
فلم کے مرکزی کردار ون ڈیزل نے فلم کی ریلیز کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ آپ نے ہماری فلم سیریز کے لیئے جو محبت اور صبر کا مظاہرہ کیا ہمیں اس کا احساس ہے لیکن ہمیں افسوس کے ساتھ بتانا پڑ رہا ہے کہ فلم کی ریلیز آگے بڑھادی گئی ہے کیوں کہ موجودہ صورتحال میں دنیا بھر میں موجود مداحوں کا رواں سال فلم دیکھنا ناممکن ہوگا۔
دوسری جانب ڈزنی کی پہلی ایشیائی شہزادی پر بننے والی فلم”مولان” اور سائنس فکشن فلم”دی نیو میوٹینٹس” کی ریلیز بھی ملتوی کر دی گئی ہے تاہم نئی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔