فاسٹ اٹیک میزائل کرافٹ ’’دہشت‘‘ پاک بحریہ میں شامل

Navy

Navy

کراچی (جیوڈیسک) جدید میزائلوں سے لیس فاسٹ اٹیک میزائل کرافٹ ’دہشت‘ پاک بحریہ میں شامل کرلی گئی۔ ملکی وسائل سے تیارکردہ ’پی این ایس دہشت‘ کی کمیشننگ اورپاک بحریہ میں باقاعدہ شمولیت کی تقریب کراچی شپ یارڈاینڈ انجینئرنگ ورکس میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل آصف سندیلہ تھے۔

پی این ایس دہشت 63 میٹر طویل فاسٹ اٹیک کرافٹ ہے جو جدید ہتھیاروں اور حساس آلات بشمول سطح آب سے سطح آب اور زمینی حملہ کرنے کی صلاحیت کے حامل جدید میزائلوں سے لیس ہے۔ یہ کرافٹ اینٹی ایئراور سرچ اینڈریسکیو آپریشنز کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔

اس موقع پر نیول چیف ڈمرل آصف سندیلہ کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کے تحت کراچی شپ یارڈمیں پی این ایس دہشت کی تعمیر پاک چین دوستی کی ایک اورعمدہ مثال ہے۔ پی این ایس دہشت کی تیاری دفاعی پیداوارکے میدان میں اہم پیشرفت ہے۔

انھوں نے کہاکہ نئے شپ یارڈزکا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے جو پاکستان میں طویل المیعاد معاشی وسماجی فوائدکے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔ نیول چیف نے جہازپر تعینات عملے کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سخت محنت اور کام سے لگن کی بدولت پی این ایس دہشت نمایاں مقام حاصل کرے گی۔

اور ہرچیلنج کاہمت اور ثابت قدمی سے سامنا کرے گی۔ تقریب میں چائنا شپ بلڈنگ اینڈآف شورکمپنی، زنگانگ شپ یارڈکے نمائندوں، سفارت کاروں، اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور پاک بحریہ و کراچی شپ یارڈکے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔