اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے قبائلی علاقوں سے بندوبستی علاقوں میں آنے والوں کے لئے پولیو ویکسین کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ فاٹا سے بندوبستی علاقوں میں آنے والوں کے لئے انسداد پولیو کے قطرے پینا لازمی ہو گا، قبائلی اور بندوبستی علاقوں میں پولیو ویکسین پلانے کے لئے فوج کو تعینات کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے انسداد پولیو کی نیشنل کوآرڈینیٹر کو گورنر خیبر پختون خوا سردار مہتاب عباسی سے ملاقات کی ہدایت بھی کی، اس کے علاوہ وزیراعظم نے پولیو سے متعلق نیشنل ٹاسک فورس کا اجلاس بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے پاکستان سے بیرون ملک سفر کرنے والوں کے لئے یکم جون سے پولیو سرٹیفکیٹ کو لازمی قرار دے دیا ہے جب کہ قومی اسمبلی نے 2 روز قبل ہی پاکستان کو پولیو فری بنانے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی ہے۔