اسلام آباد (جیوڈیسک) مشیر خارجہ اور فاٹا اصلاحاتی کمیٹی کے سربراہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ 2018ء میں فاٹا میں خیبرپختونخوا اسمبلی کی نشستوں کیلئے انتخابات ہو سکتے ہیں۔
سرتاج عزیز نے غیر ملکی ریڈیو کو انٹرویو میں کہا کہ 2018ء تک فاٹا خیبر پختونخوا میں ضم نہ ہوا تو فاٹا میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں کیلئے انتخابات ہو سکتے ہیں۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ منتخب اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی میں فاٹا کی مخصوص نشستوں پر آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامی ڈھانچہ مکمل ہونے کے بعد فاٹا خیبرپختونخوا میں ضم ہو گا اور اس انضمام میں چار سے پانچ سال لگ سکتے ہیں۔
سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ فاٹا کیلئے ترقیاتی فنڈز میں چار سے پانچ گنا اضافہ بھی متوقع ہے۔