ضلع کرم : جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا حامد الحق حقانی نے کہا ہے کہ فاٹا میں صوبائی الیکشن کو حکومت اور ریاستی ادارے منصفانہ اور غیر جانبدارانہ کو یقینی بنائے۔جمعیت علمائے اسلام جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی، فاٹا کا انظمام مولانا سمیع الحق شہید اور جمعیت علمائے اسلام کی کوششوں سے وجود میں آیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدہ بازار ضلع کرم میں جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی امیدوار مفتی کریم اختر کے انتخابی جلسے سے خطاب کررہے تھے، مولانا حامد الحق نے اعلان کیا کہ ملک میں نفاذ شریعت دفاع پاکستان اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کے لئے مولانا سمیع الحق کا مشن ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا۔جلسہ سے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالروف فاروقی،صوبائی امیر مولانا سید یوسف شاہ،صوبائی رہنما مولانا عرفان الحق حقانی ،صوبائی امیدوار مولانا مفتی کریم اختر،ضلعی امیر مولانا ثنا اللہ،جمعیت کے صوبائی سرپرست مولانا عبدالواحد درسمند، قاری عبدالرشید،مفتی محمد داؤد،مولانا ظفرالحق،مولنا پائندہ خان،مولانا فیاض حقانی اوردیگر علماء نے خطاب کیا۔جمعیت کے قائدین نے کہاکہ فاٹا انظمام تحریک میں جمعیت کے فعال سیاسی کردار کے باعث قبائل کو انگریزی نظام اور مقامی سرداروں کے غلامی سے نجات ملی اور آج فاٹا کے عوام اپنے ووٹ کا حق ادا کرنے کے لئے تیاری کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اگر الیکشن جانبدارانہ اور غیرمنصفانہ ہوئے تو یہ فاٹا کے عوام کے ووٹ کی توہین ہوگی۔جب کہ معروضی حالات میں الیکشن منصفانہ ہوتے نظر نہیں آتے۔ جمعیت کے قائدین نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کو منصفانہ اور غیر جانبدارنہ بنانے میں تمام ادارے اپنا کردار ادا کریں،اس سے قبل جمعیت کے سربراہ مولانا حامد الحق حقانی نے علاقہ سمخے کے معروف مقامی سردار ملک اوریخمین کے بھائی کی وفات پر ان سے تعزیت کی،اوران کے بھائی کیلئے دعائے مغفرت کی۔ اسی دن مولنا حامد الحق نے جمعیت کے فعال رکن مولانا ا فیاض حقانی کی طرف سے دئیے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کی، واپسی پر جمعیت علمائے اسلام ضلع ہنگو کی طرف سے مولنا عبدالسمیع عثمانی کی طرف سے دئیے گئے استقبالیہ میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ مولانا حامد الحق حقانی نے علماء پر زور دیا کہ وہ حالات کی نزاکت کا احساس کرکے قائد جمعیت مولاناا سمیع الحق کے مشن کو اجاگر کرنے کے لئے دن رات ایک کریں،انہوں نے کہاکہ بیرونی اسلام اور پاکستان دشمن قوتوں نے یہ طے کیا ہے کہ پاکستان کے اندر دینی جماعتوں کو کمزور کیا جائے اور عوام کو اُن سے متنفر کیا جائے۔ مولانا حامد الحق نے ضلع کرم کے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار مفتی مولانا کریم اختر کو کامیاب بنا کر شہید ناموس رسالت ۖمولانا سمیع الحق شہید کے ساتھ وفاداری کا ثبوت دیں۔