فیصل آباد : میونسپل کارپوریشن میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز میئر گروپ کے پارلیمانی لیڈر شیراز کاہلوں نے کہا ہے کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنیکا حکومتی فیصلہ ایک نئی تاریخ رقم کرے گا کیونکہ پاکستان کے اندر سے تمام علاقہ غیر ختم ہو جائینگے اور قبائلیوں کو بھی قومی دھارے میں شامل ہونے کا موقع ملے گا۔
بلاشبہ وزیراعظم نواز شریف کا یہ فیصلہ سنہری حروف سے لکھا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ فاٹا میں بسنے والے قبائلیوں نے ہمیشہ بارڈر پر ایک چوکیدار کا کردار ادا کیا اور سکیورٹی فورسز کے دست و بازو بنے۔
تاہم سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کے ایک غلط فیصلے کے نتیجہ میں دہشتگردی کیخلاف جاری امریکی نام نہاد جنگ میں شمولیت کے بعد تمام وطن دشمن اور انتہا و شدت پسند بھیس بدل کر فاٹا کے قبائل میں جاگھسے’فاٹا جو کہ ٹوٹل پسماندہ ترین ٹرائبل ایریا ہے جہاں صحت جیسے بنیادی وسائل بھی میسر نہیں۔
اب حکومتی فیصلے کے بعد یہ خیبر پختونخوا میں شامل ہوگا جس کے بعد حکومت یہاں بھی شہری سہولیات میسر کریگی جو ان قبائلیوں کا معیار زندگی بلند کرنے میں معاون ثابت ہونگی ‘وزیر اعظم نے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا کہ ان سے بڑھ کر پاکستان میں کوئی اور محب وطن نہیں۔
کیونکہ انہوں نے وہ کر دکھایا جو آج تک اقتدار میں آنیوالا کوئی حکمران نہ کرسکا ‘عوام نے انہیںخراج عقیدت پیش کیا۔