مومند مہمند ایجنسی : گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ فاٹا میں اصلاحاتی عمل کو وہاں کے عوام کی خواہشات کے مطابق جاری رکھا جائیگا۔ فاٹا کی تیز تر ترقی کیلئے مرکزی حکومت کے تعاون سے 10 سالہ ترقیاتی پیکیج تیار کیا جائے گا۔
لہذا ضروری ہے کہ تمام سرکاری محکمے اپنی صلاحیت کارکو بہتربنائیں اور حکومت کے اصلاحاتی پیکج کو قبائلی عوام کی امنگوں کے مطابق بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز فاٹا سیکرٹریٹ کے دورے کے موقع پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ایڈیشنل چیف سیکر ٹری فدا وزیر ،UNDPکے نمائندے جہانگیر، سیکر ٹری فنانس فا ٹا سیکر ٹری سوشل ویلفیئر فاٹا اور دیگر تمام محکموں کے سربراہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈائریکٹرجنرل پراجیکٹ فاٹااسلام زیب نے گورنر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فاٹا میں بلدیاتی انتخابات بھی اگلے سال کے اواخر تک منعقدکرنے کیلئے بھی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں گورنر کو NFC ایوارڈ میں فاٹاکے حصے کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی گئی۔ گورنر کو بتایاگیا کہ ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کیلئے یقیناً اضافی وسائل کی ضرورت ہو گی۔
گورنر کو یہ بات بھی بتائی گئی کہ فاٹا میں اصلاحات کو عوام کے خواہشات کے مطابق بنانے کیلئے فاٹاسیکرٹریٹ میں فیڈبیک کیلئے ٹول فری نمبر080088777 بھی لگایا ہے۔ جس سے قبائلی عوام کی رائے سے آگاہی حاصل ہوگی اور اس سے اصلاحاتی عمل کو حقیقت پسندانہ بنیادوں پر مرتب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ گورنر کوبتایا گیا کہ فاٹا میں اصلاحاتی عمل کیلئے ہرسطح پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں فاٹا سیکرٹریٹ کے تمام سرکاری محکموں کو بھی ضروری ہدایات مل چکی ہیں۔
گورنر کو یہ بات بھی بتائی گئی کہ قبائلی علاقوں میں عدالتی نظام کے قیام کے حوالے سے بھی بنیادی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ مزید برآں فاٹا میں تعینات لیوی کے تعداد کو بھی آئندہ 5 برسوں میں دوگنا کرنے کیلئے اضافی سہولیات فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ گورنر نے سیکرٹریٹ میں ایک نو تعمیرشدہ بلاک کا بھی افتتاح کیا۔