باپ پر فائرنگ کا بدلہ، آٹھویں کے طالبعلم نے ملزم قتل کردیا

Gujranwala

Gujranwala

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ میں آٹھویں جماعت کے طالبعلم نے سیشن کورٹ میں فائرنگ کر دی باپ کو زخمی کرنیوالے مخالف کو پولیس حراست میں قتل کر دیا۔ بارہ سالہ ملزم گوہر کے والد کو ڈیڑھ سال پہلے حافظ غیاث نامی شخص نے زخمی کیا تھا جس کا گوہر کو رنج تھا۔

حافظ غیاث کو پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے کے جرم میں گرفتار کیا تھا۔ ملزم کو عدالت میں پیشی کے بعد پولیس اہلکار بخشی خانے منتقل کر رہے تھے کہ اس دوران احاطے میں موجود گوہر نے فائرنگ کر دی جس سے حافظ غیاث اور ارشد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم گوہر کو گرفتار کرکے پستول برآمد کر لیا۔

زخمی ہو نے والے ملزموں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں حافظ غیاث دم توڑ گیا۔ ملزم گوہر نے ابتدائی تفتیش میں پولیس کو بتایا کہ وہ وہ آٹھویں جماعت کا طالبعلم ہے اور وہ اپنے بستے میں پستول چھپا کر احاطے میں داخل ہوا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ حا فظ غیاث نے اس کے والد نواز کو کچھ عرصہ پہلے فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا۔ اسی رنجش پر آج اس نے اس پر فائرنگ کی ہے۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔