لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ والد پر فرد جرم سے ڈکٹیٹر کا دور یاد آگیا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نوازشریف پر تینوں نیب ریفرنس میں فرد جرم عائد کردی جب کہ سابق وزیراعظم پر فرد جرم ان کی غیر موجودگی میں ان کے مقرر کردہ نمائندے ظافر خان کی موجودگی میں عائد کی گئی۔
اس کے علاوہ نیب ریفرنس میں مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر پر بھی فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز نے اپنے والد اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف پر فرد جرم عائد کیے جانے کی خبر شیئر کی اور سابق صدر پرویز مشرف کا نام لیے بغیر ان کے دور کا ذکر کیا۔
مریم نواز نے ساتھ میں لکھا کہ نوازشریف پر فرد جرم کی خبر سے ڈکٹیٹر کا 1999 کا دور یاد آیا، 1999میں والدہ کے ساتھ پشاور کے ایک جلسے میں تھی تو ایسی ہی خبرآئی تھی۔
واضح رہےکہ نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف ریفرنس دائر کیے ہیں جب کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر بھی بھی آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔