والد کی پر اسرار گمشدگی نے ہمیں بے حال کر دیا والدین کی کمی برداشت نہیں کر پائیں گے
Posted on May 7, 2013 By Noman Webmaster سٹی نیوز
بھمبر(ڈسٹرکٹ رپورٹر)والد کی پر اسرار گمشدگی نے ہمیں بے حال کر دیا والدین کی کمی برداشت نہیں کر پائیں گے حکومت خداترسی کرکے ہمارے حال ہر رحم کھائے اور ہمارے والد کو بازیاب کرایا جائے10ماہ قبل بھمبر سے لاپتہ ہونے والے محمد اختر کے بچوں کی دہائی تفصیلات کیمطابق بھمبر رجانی کا رہائشی راجہ محمد اختر10ماہ قبل گھر سے موٹرسائیکل پر سوار ہو کر اپنے مرغی خانے پر جا تے ہوئے پر اسرار طور پر موٹرسائیکل سمیت لاپتہ ہو گئے۔
جسکا آج تک کوئی سراغ نہ مل سکاگزشتہ روز لاپتہ محمد اختر کی 5بچیوں نے اپنے معذور بھائی کے ہمراہ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہماری والدہ پہلے ہی قتل ہو چکی ہیں 10ماہ قبل ہمارے ابو کو گھر سے اپنے مرغی خانے جاتے ہوئے غائب کروایا گیا جن کا آج تک ہمیں کوئی سراغ نہ مل سکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے والد کی گمشدگی کی درخواست تھانہ پولیس بھمبرمیں درج کروائی لیکن پولیس نے مقتدر قوتوں کا حوالہ دیکر ہمیں ہمیشہ ٹرخا دیا اور معلومات ہونے کے باوجود ہماری کوئی مدد نہ کی انہوں نے کہاکہ ہم نے ایس پی سے لیکر دیگر افسران سے متعدد بار والد کی بازیابی کیلئے التجا کی۔
لیکن بے حس پولیس افسران اور علاقے کے عوامی نمائندوں نے بھی ہماری ایک نہ سنی اور ہماری کوئی مدد نہ کی بچیوں نے روتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ ہمارے والدہمارا واحد آسرا تھے انکی گمشدگی نے ہمیں بے حال کر دیا ہے۔
کرایے کے مکان میں رہائش پذیر ہیں اور لوگوں کی امدادپر گزارہ کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید اور چیف سیکرٹری ہمارے حال پر اللہ کے واسطے رحم کرکے ہمارے والد کو بازیاب کرائیں تاکہ ہم بھی والدین کی شفقت پدری کے سائے میں زندگی بسر کر سکیں۔