تحریر : محمد اشفاق راجا ”تھکاوٹ” ایک بڑا مسئلہ ہے۔ بعض اوقات رات سونے کے باوجود جسم تھکا تھکا محسوس ہوتا ہے اور کام کے دوران بھی عجیب قسم کی تھکاوٹ محسوس ہوتی ہے۔ جسم کی تھکاوٹ جو تھوڑی دیر کے لیے ہو خود بخود ختم ہو جاتی ہے، لیکن زیادہ دنوں کی تھکاوٹ دور کرنے کے لیے مختلف قسم کی سکون آور، درد دور کرنے والی، طاقت اور دماغ کو تقویت دینے والی دوائیاں استعمال کی جاتی ہیں، جن میں سے چند ایک درج ذیل ہیں: میتھی کوبال Metycobal، لحمینا، دماغی ہربل تھیرا گرام سٹریس Theragram stress وغیرہ مضر اثرات ٭:متلی، قے، سر درد، بے چینی ٭:پیٹ میں جلن اور گڑبڑ ٭:زود حساسیت ٭:تھکاوٹ دور کرنے والی دوائیں استعمال کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کر لیں۔ ٭:دوسری دوائیوں کے ساتھ استعمال نہ کریں۔
دوا کی نوعیت اور ضرورت کی اہمیت زیادہ دیر جسمانی یا دماغی کام کرنے سے آدمی جسمانی اور ذہنی طور پر تھکاوٹ محسوس کرتا ہے۔ ایسا ہونا قدرتی عمل ہے۔ کام کرنے کے بعد کچھ دیر آر ام کر لیا جائے، تو تھکاوٹ خود بخود ختم ہو جاتی ہے، لیکن بعض حالتوں میں تھکاوٹ مسلسل رہتی ہے اور آرام کرنے کے باوجود بھی جسم ہر وقت تھکا تھکا محسوس ہوتا ہے۔ ان حالات میں اس بات کا پتا چلانا ضروری ہے کہ تھکاوٹ کس وجہ سے ہو رہی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ یہ کسی پریشانی کی وجہ سے ہو۔ جسمانی طور پر تو آپ نے آرام کرلیا ہو، لیکن ذہنی طور پر آپ کسی اور سوچ میں گم ہیں تو اس صورت میں آرام کرنے کے باوجود تھکاوٹ رہتی ہے۔
اس کے علاوہ بے آرامی، بے خوابی، بے چینی، ذہنی و فکری انتشار، ڈپریشن اور نفسیاتی عوارض یا کسی بھی بیماری کی وجہ سے بھی تھکاوٹ ہو سکتی ہے۔ ایسی صورت حال میں متعلقہ بیماری کا علاج کروانا ضروری ہوتا ہے۔ اس لئے ضروری ہے کہ اگر آپ مستقل تھکاوٹ کی تکلیف کا شکار ہیں تو سب سے پہلے اپنے آپ کو خود دیکھیں کہ ایسا کس وجہ سے ہو رہا ہے، جن عوامل کی وجہ سے تھکاوٹ ہو رہی ہو ان کو دور کرنے کی کوشش کریں۔ ان حالات میں تھکاوٹ دور کرنے والی دوائوں کے استعمال کا کوئی خاص فائدہ نہیں ہوتا۔
Sleep
آسان اور متبادل علاج تھکاوٹ دْور کرنے کے لیے مندرجہ ذیل ہدایات پر عمل کریں۔ ٭:مستقل تھکاوٹ کے مسئلہ کا جن لوگوں کو سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کے لیے سب سے اہم اس بات کا تعین ہے کہ آیا وہ اپنی نیند پوری کرتے ہیں یا نہیں۔ اس کے لیے جلدی سونے اور جلدی اٹھنے کے فارمولے پر عمل کریں۔ اگر نیند جلدی نہ آئے تو نیند آنے والی دوائوں کے ضمن میں دی گئی ہدایات پر عمل کیں۔ سونے سے پہلے ایک چھوٹے کپ میں دو چمچ شہد اور ایک چمچ سرکہ ملائیں اور اسے اپنے بیڈ روم میں رکھ لیں۔ سوتے وقت اس کے دو چمچ لیں۔ اگر آدھے گھنٹے تک نیند نہ آ ئے، تو اس کے دو چمچ اور لے لیں۔ اگر ایک گھنٹے تک نیند نہ آئے تو پھر دو چمچ اورلے لیں۔
ایک گھنٹے بعد انشائ اللہ نیند آ جائے گی اور آپ مزے کی نیند سو کر تازہ دم ہو کر اٹھیں گے۔ ٭:کام کے دوران ذرا سا سستا لیں۔ بیٹھ کر کام کرنے والے حضرات تھوڑی دیر لیٹ کر آرام کر لیں۔ بیٹھ کر کام کرتے ہوئے کچھ دیر کھڑے ہو کر کام کر لیں۔ ٭:صبح اٹھتے ہی نماز پڑھ کر کم از کم 20 منٹ سے 40 منٹ تک سیر کریں اس کے بعد کچھ دیر آرام کر کے پورے جسم کی سرسمیت زیتون کے تیل سے مالش کر کے نیم گرم پانی سے غسل کریں۔ انشائ اللہ تھکاوٹ سے چھٹکارہ حاصل ہوگا۔ ٭:ناشتہ میں پھل یا جوس استعمال کریں۔ ٭:کھانے میں سبزیوں اور سلاد کا زیادہ استعمال کریں۔ ٭:وٹامن بی کمپلیکس کی کمی دائمی تھکاوٹ کا باعث بنتی ہے۔
متعلقہ وٹامنز، کلیجی، چاول، دالوں اور گندم میں وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔ ٭:دو معروف معدنی عناصر یعنی کیلشیم اور پوٹاشیم کی کمی بھی شدید تھکاوٹ کا باعث بنتی ہے۔ دالیں، سبز پتوں والی سبزیاں آلو سنگترہ پوٹاشیم سے بھرپور ہیں جبکہ بادام، تل، دودھ، اخروٹ اور سبز ترکاریاں کیلشیم کا خزانہ ہیں۔ ان کا زیادہ استعمال کریں۔ ٭:تھکاوٹ دور کرنے کے لیے تازہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔