فاطمہ جناح ڈینٹل کالج میں بلڈ پریشر ویک پر سیمینار سے ڈاکٹر گل رخ، ڈاکٹر حسین عسکری کا خطاب
Posted on April 15, 2013 By Tahir Webmaster کراچی
کراچی : ڈینٹل سرجنز ہائپر ٹینشن کی صحیح تشخیص سے کئی زندگیاں بچا سکتے ہیں یہ بات فاطمہ جناح ڈینٹل کالج کے ڈائرکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر حسین عسکری نے کالج میں بلڈ پریشر ویک کے حوالے سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار کا موضوع ”بلڈ پریشر پر کنٹرول اور زندگیوں کی حفاظت تھا” ۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسین عسکری نے کہا کہ ہر تین میں سے ایک فرد ہائپر ٹینشن کا شکار ہے۔
اور ملک میں 60فیصد افراد میں اس کی تشخیص نہیں ہو پاتی جس کے باعث ان کی زندگیوں کو اندھے پن کا سامنا ، فالج، دل کا دورہ اور دیگر بیماریوں کا خطرہ رہتا ہے۔ اس موقع پر اورل پیتھالوجی کی سربراہ پروفیسر گل رخ عسکری نے کہا کہ بلڈ پریشر کنٹرول کرنے والی ادویات کے باعث مریض منہ کی بیماریوں کا زیادہ شکار ہوتے ہیں جن میں منہ کا خشک ہوجانا، مسوڑھوں کا بڑھ جانا، کھانا چبانے میں تکلیف کا سامنا جس کے باعث مسوڑھوں کی سرجری تک نوبت آسکتی ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر صبیحہ مرزا، ڈاکٹر فرقان جلیل، ڈاکٹر زوبیہ وقار اور ڈاکٹر نازیہ سلطان نے بھی خطاب کیا۔ ایف جے ڈی سی میں طلباء نے بلڈ پریشر ویک کے دوران بہت سی سرگرمیوں میں حصہ لیا جن میں موضوع کے حوالے سے پوسٹرز کی تیاری، پاور پوائنٹ پریزنٹیشن، مریضوں کیلئے مشورے، ٹیبل کلینک، آگاہی مہم کیلئے پمفلٹ کی ڈیزائنگ اور تحقیقی پروجیکٹس شامل تھے۔
اس کے علاوہ ڈاکٹروں اور طلباء نے عام افراد کیلئے آگاہی مہم کا پورے ہفتے انعقاد کیا گیا اور بے شمار مریضوں کو اعظم ٹائون میں ڈینٹل میڈیکل بلڈ پریشر چیک اپ ، علاج اور لیبارٹری کی سہولت مفت فراہم کی گئی۔ ڈاکٹر حسین عسکری نے بتایا کہ اس آگاہی مہم کو دس ہزار افراد تک پہنچایا گیا اور بیماریوں سے بچائو کیلئے عوام کو اطلاعات فراہم کی گئیں۔