قصور امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے
Posted on September 23, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
قصور امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے۔ انہیں دہشت گردی کا نشانہ بنانا دشمنان اسلام کی مذموم منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔ بھارتی دہشت گردی بے نقاب ہونے پر حکومت پاکستان کو خاموش نہیں رہنا چاہئے اور اس کے گھنائونے کردار کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنا چاہیے۔ پاکستان میں امن و امان کی تشویشناک صورتحال اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ مذہبی و سیاسی جماعتیں بیرونی قوتوں کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے ملک میں اتحاد و یکجہتی کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کریں۔
اسلام دشمن قوتیں پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے دہشت گردی کی مذموم کاروائیاں کر رہی ہیں۔ وہ کوٹ ارجن سنگھ میں شہدائے اسلام کانفرنس کے دوران ہزاروں افراد کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما مولانا نصر جاوید، مولانامحمد یوسف ربانی، مولانا رمضان منظورو دیگر نے خطاب کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پوری قوم پر فرض ہے۔
کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کئے گئے ملک پاکستان میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔ حکومت پاکستان پشاور دھماکوں میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دے تاکہ آئندہ کیلئے ایسی وارداتوں پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی افغانستان میں شکست کے بعد پاکستان کو بڑے نقصانات سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ منظم منصوبہ بندی کے تحت کراچی،پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں بم دھماکے، دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ میں اختلافات پیدا کرنا اور کفر و شرک کے فتوے لگا کر ایک دوسرے کو قتل کرنا اسلامی شریعت کی روشنی میں جائز نہیں ہے۔ دشمنان اسلام کو اچھی طرح معلوم ہے کہ وہ تمامتر ٹیکنالوجی اور وسائل استعمال کرنے کے باوجود بھی میدانوں میں مسلمانوں کو شکست نہیں دے سکتے جیسا کہ امریکہ کی افغانستان میں بدترین شکست ہم سب کے سامنے ہے۔ اس لئے ان کی پوری کوشش ہے کہ مسلمانوں کو باہم دست و گریبان کیا جائے۔
اس کیلئے وہ مسلمانوں کی صفوں میں گھسنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو سب سے زیادہ فکر اس بات کی تھی کہ مسلمانوں کی تلوار اپنے مسلمان بھائیوں کے خلاف نہیں اٹھنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے پاکستان کی جانب بہنے والے دریائوں کا فطری بہائو ورکنے کے لیے جس آبی دہشت گردی کا ارتکاب کیا ہے اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ انڈیا پاکستانی دریائوں پر ڈیم تعمیرکر کے پاکستان کو صحرا میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
راوی، چناب، بیاس اور ستلج سوکھ کر رہ گئے ہیں۔ انڈیا مقبوضہ کشمیر سے پاکستان کی طرف آنے والے ندی، نالوں پر بھی ڈیم بنا رہا ہے تاکہ وہ جب چاہے پاکستان کا پانی روک کر سرسبز زمینیں برباد کر دے اور جب چاہے پانی چھوڑ کر پاکستان میں سیلاب کی صورتحال پیدا کر دے۔حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ بھارتی پروپیگنڈہ اور سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے صحیح معنوں میں کردار ادا کرے۔