قصور (جیوڈیسک) قصورکے قریب دریائے ستلج میں پانی کی سطح بتدریج بڑھنے لگی، گنڈا سنگھ والا کے قریب 25 ہزار کیوسک پانی بہہ رہا ہے، جس سے دریا کے بیڈ میں بوئی گئی فصلیں زیر آب آ گئیں۔ ڈی سی او قصورجاوید بخاری نے بتایاکہ دریائے ستلج ایک مردہ دریا ہے، جس میں صرف برسات کے دنوں میں پانی آتا ہے، یہی وجہ ہے کہ کسان دریا کے بیڈ میں نہ صرف فصلیں کاشت کرتے ہیں بلکہ انہوں نے وہاں آبادیاں اور ڈیرے بھی بنا لئے ہیں، بھارت میں پہاڑوں پرشدید بارشوں کی وجہ سے ان دنوں دریا میں پانی کابہاو بتدریج بڑھ رہا ہے۔ پانی کا بہاو 25 ہزار کیوسک ہے۔
جس سے دریا کے بیڈ میں بوئی فصلیں زیر آب آ گئیں، دریا کے کنارے اور بیڈ میں واقع دیہات کٹی کلنجر، مستیکی، کیکر پوسٹ، دھوپ سڑی، پتن، بستی بنگلہ دیش اور پِکھی وِنڈ کے مکینوں کو انخلا کی ہدایت کردی گئی ہے، ریسکیو ٹیمیں الرٹ ہیں اورموٹر بوٹس اور ٹینٹ پہنچا دیئے گئے ہیں۔ ڈی سی او نے مزید بتایا کہ پانی کا ریلا 50 ہزار کیوسک سے زائد ہو نے پر ارد گرد کی آبادیوں کو خطرہ ہو سکتا ہے۔