قصور (جیوڈیسک) قصور کے نواحی گاؤں میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کے قتل کا معمہ حل ہو گیا۔ شوہر نے بدچلنی کے شبہ پر بیوی اور تین بیٹیوں کو قتل کرکے خود کشی کر لی۔ پولیس نے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا۔ قصور کے نواحی گاؤں مان میں تین بچیوں سمیت ایک ہی گھر کے پانچ افراد کے قتل کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔
خبر پھیلتے ہی پورے گاؤں میں کہرام مچ گیا۔ ابھی لزرہ خیز واردات سے متعلق قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ پولیس نے اپنی تفتیش کے بعد گھر کے سربراہ امجد کو ہی قاتل قرار دے دیا۔
پولیس کے مطابق امجد نے اپنی بیوی ریحانہ، تین بیٹیوں پندرہ سالہ انیسہ، آٹھ سالہ سندر اور چھ سالہ زہرہ کے گلے کاٹے اور پھر خود کشی کر لی۔ پولیس کے مطابق امجد نے اپنی بیوی اور بیٹیوں کو بدچلنی کے شبہ پر قتل کیا۔ واردات سے قبل اس نے اپنے پانچ سالہ بیٹے علی حسن کو گھر سے باہر نکال دیا تھا۔