نئی دہلی (جیوڈیسک) معروف بھارتی فلم ساز شیام بینیگل نے اپنی فلم کے لیے پاکستانی اداکار فواد خان کو کاسٹ کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔ فلم کا موضوع آرٹ اور کلچر کے ذریعے ایک دوسرے سے لڑنے والے ممالک کو قریب لانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیام بینیگل کی نئی آنے والی فلم کا نام ‘‘یہ راستے ہیں پیار کے ’’ ہے جس کے ہدایت کار ہرش نارائن ہیں ،فلم میں فواد خان کا کردار ایک موسیقار کا ہوگا جو محبت اور اتفاق کی سُروں سے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بناتا ہے۔
شیام بینیگل کی جانب سے فواد خان کو نئی فلم میں کام کرنے کی پیشکش اپنی جگہ لیکن بالی ووڈ پاکستانی اداکاروں کے لیے بھیانک خواب بنتا جا رہا ہے ، جہاں سے حال ہی میں پاکستانی اداکاروں کو ہزیمت بھری واپسی کا سامنا رہا ہے تاہم ایسے ملک میں اور ایسے کشیدہ حالات میں شیام بینیگل کی فواد خان کو اپنی فلم میں مرکزی کردار کی پیشکش دلیرانہ فیصلہ ہے۔