ممبئی (جیوڈیسک) پاکستانی اداکار فواد خان جو نا صرف اپنی بہترین اداکاری سے پاکستان میں کامیابی سمیٹ چکے ہیں بلکہ بالی ووڈ فلم نگری میں بھی لوہا منوا چکے ہیں اور اب انہوں نے خود کو عالمی اداکار کے طور پر پہچانے جانے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے۔
ایک انٹرویو میں فواد خان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی منزل اس وقت تک مشکل نہیں ہوتی جن تک اسے مشکل نہ سمجھا جائے، مشکلات اور پریشانیاں اسی وقت آتی ہیں جب کوئی اداکار غیر حقیقی توقعات وابستہ کرلیتا ہے۔
پاکستانی اداکارکا کہنا تھا کہ بھارتی فلم نگری میں انہیں کام مل رہا ہے ، وہ اب تک رتنا پاٹھک جیسی بے ساختہ اداکاری کرنے والی فنکارہ کے ساتھ کام کرچکے ہیں، کپور اینڈ سنز کے بعد ان کی اگلی فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ ہے جو بالی ووڈ کے ایک بڑے پروڈکشن ہاؤس دھرما پروڈکشنز کے بینر تلے بنی ہے، یہ سب انہیں اچھا لگتا ہے لیکن وہ خود کو ایک عالمی اداکار کے طور پر منوانا چاہتے ہیں۔