ممبئی (جیوڈیسک) گذشتہ سال بھارت آنے والے کئی پاکستانی فنکاروں کو مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان میں غزل گلوکار غلام علی بھی تھے جن کے ممبئی میں ہونے والے پروگراموں کو سخت گیر تنظیموں کی مخالفت کے بعد منسوخ کر دیا گیا تھا۔
ایسے حالات میں فواد اپنے ساتھ کسی ناخوشگوار واقعہ نہ پیش آنے کو اپنی قسمت اور لوگوں کی برداشت کی نتیجہ قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ یہاں ہمارے خلاف احتجاج ہوتا ہے لیکن ابھی تک کے تجربے سے میں یہاں خود کو محفوظ سمجھتا ہوں۔
رواں ماہ ریلیز ہونے والی فلم ’ کپور اینڈ سنز‘ میں عالیہ بھٹ اور سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ نظر آنے والے فواد خان کے مطابق میں خاصے عرصے سے بھارت میں ہی ہوں اور ابھی تک خوش قسمتی سے کسی بدتمیزی کا شکار نہیں ہوا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں میرے ساتھ کسی قسم کی کوئی انہونی ہو بھی جاتی ہے تو اس پر میں ناراض نہیں ہوں گا کیونکہ دنیا کے ہر کونے میں ایسے لوگ ہوں گے جو شاید مجھے پسند نہ کرتے ہوں۔