کابل (جیوڈیسک) افغان حکومت نے بالآخر مان لیا ہے کہ ملا فضل اللہ افغانستان میں چھپا بیٹھا ہے۔ افغان چیف ایگزیکٹو نے کالعدم تحریک طالبان کے سربراہ کے ایک کارروائی میں بچ نکلنے کا انکشاف بھی کیا ہے۔ عبد اللہ عبد اللہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف بھی کیا۔
افغان چیف ایگزیکٹو عبد اللہ عبد اللہ نے کابل میں دنیا نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہا کہ افغانستان میں موجود ملا فضل اللہ حالیہ کارروائی میں بچ نکلنے میں کامیاب ہو گیا، مگر ہمیشہ نہیں بچ پائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان کے جائز تحفظات کا احساس ہے۔ عبد اللہ عبد اللہ نے صفائی پیش کی کہ افغان حکومت، پاکستان کے خلاف نہیں، تعلقات میں تلخیاں ماضی کے سبب ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں نے دہشت گردی سے بہت نقصان اٹھایا ہے۔ تاہم، افغانستان کی پوزیشن کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔