فضل الرحمان وزیراعظم کے سامنے امیرالمومنین اور میڈیا پر اغیار کا ایجنٹ کہتے ہیں، تحریک انصاف

PTI

PTI

اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان وزیراعظم کے سامنے بیٹھیں تو انھیں امیر المومنین اور میڈیا پر انھیں اغیار کا ایجنٹ قرار دیتے ہیں۔

ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دورخی اور دوغلا پن مولانا فضل الرحمان کی سیاست کا طرہ امتیاز جب کہ موقع پرستی اور جھوٹ ان کی سیاست کا محور و مرکز ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی نظریے کی حامل جماعت اقتدار میں آئے مولانا فضل الرحمان اس کا حصہ بننے کے لئے بیتاب رہتے ہیں، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ کی حرص اقتدار نے ان کے ذہنی توازن پر مہلک اثرات مرتب کئے ہیں۔

نعیم الحق نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان وزیر اعظم کے سامنے بیٹھیں تو انھیں امیرالمومنین اور میڈیا کے سامنے آئیں تو انہیں اغیار کا ایجنٹ قرار دیتے ہیں، عورت کی حکمرانی کو ناجائز قرار دینے کے بعد مولانا کی بے نظیر حکومت سے ڈیزل پرمٹس لینے والی داستان عوام کو اچھی طرح یاد ہے۔ انھوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان قوم کو بتانا پسند کریں گے کہ سیاست میں آنے سے قبل ان کا ذریعہ معاش کیا تھا، ان کی موجودگی میں یہود و ہنود کو اسلام اور پاکستان کے خلاف کسی قسم کی سازش کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے پنجاب اسمبلی میں خواتین کے تحفظ کے لئے منظور ہونے والے قانون کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اراکین پنجاب اسمبلی کو ’زن مرید‘ قرار دیا تھا۔ انھوں نے وزیراعظم نواز شریف کو دھمکی بھی دی تھی کہ اگر ہم چاہیں تو حکومت کا تختہ الٹ سکتے ہیں۔