فضل الرحمن کے تحفظات دور کرینگے، امن کا راستہ بات چیت سے نکلنا چاہئے، پرویز رشید

Pervaiz Rasheed

Pervaiz Rasheed

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے تمام قومی امور پر تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مولانا فضل الرحمان سے وفاقی وزراء اسحاق ڈار اور پرویز رشید نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں ملکی سیاسی اور سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔مولانا فضل الرحمان نے حکومتی رہنماؤں کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

اسحاق ڈار اور پرویز رشید نے مولانا فضل الرحمان کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ مولانا فضل الرحمان کو جے یو آئی کے وزراء کو قلمدان نہ ملنے پر شدید تحفظات تھے۔

پرویز رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں حکومتی اتحاد پر بات چیت کی گئی۔ مولانا فضل الرحمان نے تمام قومی امور پر تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ جے یو آئی کے وزراء کو جلد قلمدانوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ امن کا راستہ بات چیت کے ذریعے ہی تلاش کیا جانا چاہئے۔