فضل الرحمان کا چوہدری نثار کو پریس کانفرنس نہ کرنے کا مشورہ

Fazlur Rehman

Fazlur Rehman

اسلام آباد (جیوڈیسک) مولانا فضل الرحمان نے وزیرداخلہ چوہدری نثار کو پریس کانفرنس نہ کرنے کا مشورہ دے دیا، کہتے ہیں پریس کانفرنس سے معاملات بگڑ سکتے ہیں، معاملات کو مزید خراب ہونے سے بچایا جائے۔

جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کو ٹیلی فون کیا ہے، جس میں انہیں موجودہ سیاسی بحران میں صبرو تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا، مولانا فضل الرحمان کا چوہدری نثار کو کہنا تھا کہ ملک کی سیاسی صورتحال نازک ہے۔

برداشت سے کام لیا جائے۔ آپ وزیرداخلہ ہیں زیادہ ذمہ داری بھی آپ کی ہی بنتی ہے۔ چند لوگ جمہوریت کوڈی ریل نہیں کر سکتے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے چوہدری نثار کو اعتزاز احسن کے معاملے پر خاموش رہنے کی درخواست کی ہے۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پوری کوشش کروں گا میری وجہ سے مسئلہ پیدا نہ ہو۔ وزیراعظم سے بھی موجودہ صورتحال پرطویل مشاورت ہوئی ہے، پارلیمنٹ میں اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں کی یکجہتی قابل ستائش ہے۔