لاہور (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کی۔
لاہور میں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال، 25 جولائی کے یوم سیاہ، چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی اور مہنگائی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے تجویز دی کہ 25 جولائی کو ملک بھر کے بڑے شہروں میں بھرپور پاور شو ہونا چاہیے۔
ذرائع نے بتایا کہ سربراہ جے یو آئی (ف) نے مشورہ دیا کہ 25 جولائی کو مریم نواز لاہور اور شہباز شریف کو پشاور میں مرکزی جلسے سے خطاب کرنا چاہیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے جواب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کمر کی تکلیف کافی زیادہ ہے، کچھ دنوں سے لمبا سفر نہیں کر رہا۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں میر حاصل بزنجو باآسانی کامیاب ہو جائیں گے، حکومت جتنا زور لگالے سینیٹ الیکشن میں کوئی سرپرائز نہیں ہو گا۔
خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرارکھی ہے جس کے بعد اب 23 جولائی کو ایوان بالا کا اجلاس بلا لیا ہے۔