ایف بی آر نے بجٹ سازی کیلئے سیکیورٹی وانتظامی پلان تیار کر لیا

FBR

FBR

اسلام آباد (جیوڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے آئندہ مالی سال 2014-15 کے لیے بجٹ سازی کے عمل کو محفوظ بنانے کے لیے سیکیورٹی اور ایڈمنسٹریٹو پلان کو حتمی شکل دے دی ہے اور توقع ہے کہ آئندہ ماہ یہ پلان جاری کردیا جائے گا۔ جس کے تحت ایف بی آر میں عام لوگوں اور ملاقاتیوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سینئر افسر نے ایکسپریس کو بتایا کہ مالی سال 2014-15 کے بجٹ کیلیے سیکیورٹی اور ایڈمنسٹریٹو پلان کے مسودے کو منظوری کے لیے ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل کے اجلاس میں پیش کیے جانے کا امکان ہے جس کے تحت ایف بی آر کے ممبر ایڈمن شاہد حسین جتوئی کو بجٹ کے لیے چیف کوآرڈینیٹر، چیف ایڈمن کو چیف سیکیورٹی آفیسر اور سیکریٹری ایس اینڈ ایم کو ڈپٹی چیف سیکیورٹی آفیسر بجٹ تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ بجٹ سازی کے عمل کو حتمی شکل دینے کے لیے آئندہ ماہ کے آخری ہفتے سے ایف بی آر میں عام لوگوں اور ملاقاتیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی جائے گی۔جبکہ ایف بی آر نے وفاقی بجٹ اور بجٹ تقریر سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے کر 2 صفحات پر مشتمل 13 نکاتی بجٹ ایڈمنسٹریٹو پلان کی منظوری دیدی ہے جو حتمی منظوری دینے کے لیے بورڈ ان کونسل کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، اس کے تحت افسران و ملازمین کی شناخت کے لیے دفتری شناختی کارڈز آویزاں کرنے کو لازمی قرار دیدیا جائے گا، اس بارے میں سرکلر کے ذریعے ہدایات جاری ک جائیں گی۔

ذرائع نے بتایاکہ بجٹ کی تیاری کے لیے تمام ٹیکنیکل ونگز میں کوآرڈینیٹرز اور ڈپٹی کوآرڈینیٹر بجٹ تعینات کردیے گئے ہیں تاکہ اپنے ونگ کے حوالے سے وفاقی بجٹ کے لیے چیف کوآرڈینیٹر کے ساتھ تعاون و رابطے کو یقینی بنایا جاسکے جبکہ سیکنڈ سیکریٹری کونسل کے لیے بجٹ کے حوالے سے ہونے والے تمام اجلاسوں میں شرکت لازمی ہوگی۔