کراچی (جیوڈیسک) ایف بی آر دفاتر کی ٹیکس رپورٹنگ میں بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے،کراچی کے یونٹ نے ٹیکس وصولی میں سات ارب اضافی ٹیکس دکھایا، حکام نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف ایف بی آر دفاتر میں ٹیکس وصولیوں کی غلط رپورٹنگ پر تحقیقات کا آغاز ہوگیا۔ ایک ٹیکس دفتر میں ٹیکس وصولیاں 7 ارب زیادہ جبکہ دوسرے میں 1 ارب روپے کم دکھائے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے لارج ٹیکس پِیئرز یونٹ میں ٹیکس وصولیاں 7 ارب روپے زیادہ جبکہ ریجنل ٹیکس آفس میں 1 ارب روپے کم دکھائی گئی ہیں۔ ٹیکس وصولیوں کی غلط رپورٹنگ کے انکشاف پر تحقیقات کے لیے ایف بی آر کے ممبر ڈیٹا پراسیسنگ کراچی پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے ایف بی آر کے ڈیٹا پراسیسنگ یونٹ میں معلومات کی جانچ پڑتال کے دوران غلط رپورٹنگ کا انکشاف ہوا ہے۔