ایف بی آر کی پرفارمنس الاؤنس کے معیار میں ترامیم کی تجویز

FBR

FBR

اسلام آباد (جیوڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گریڈ 1 تا 22 کے ملازمین کو بنیادی تنخواہ کے برابر 100فیصد کارکردگی الاؤنس کی فراہمی کے لیے اہلیت کے معیارکے سرکلر میں ترامیم کی تجویز دے دی ہے جو حتمی منظوری کے لیے ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

مجوزہ ترمیمی پرفارمنس الاؤنس گائیڈ لائن ڈرافٹ کے مطابق اس الاؤنس کے لیے ملازمین کا انتخاب ایف بی آر کا ہیومن ریسورس ونگ کرے گا تاہم گریڈ 17 اور زائد گریڈ کے ملازمین کا انتخاب انٹرویو، گریڈ7 تا 16کے ملازمین کا انتخاب انٹرویو اورکمپیوٹر مہارت ٹیسٹ جبکہ گریڈ 1سے 6کے ملازمین کا انتخاب پرفارما ایویلیوایشن کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

دستاویز میں بتایا گیاکہ مذکورہ کیٹیگریز کے ملازمین کی ڈبل تنخواہ کے لیے انتخاب کے حوالے سے 5 پینل تشکیل دیے گئے ہیں جن میں گریڈ 21 کے ملازمین کے انٹرویوز کے ذریعے انتخاب کا اختیار چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے پاس ہوگا، گریڈ 20 کے افسران کا انتخاب گریڈ 21 اور اس سے زائد گریڈ کے 3افسران کا پینل، گریڈ19کے افسران کا انتخاب گریڈ 20 اور اس سے زائد گریڈ کے 3افسروں کا پینل، گریڈ 17اور 18کے افسران کا انتخاب گریڈ 19کے افسران کا3رکنی پینل، گریڈ1تا16کے افسران کا انتخاب گریڈ17 اور 18 کے 3 افسران پر مشتمل پینل کریگا جبکہ سالانہ بنیادوں پر ٹیکس گوشوارے اور اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم نہ کرنے والے ملازمین کا پرفارمنس الاؤنس معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایف بی آر ملازمین کے کارکردگی الاؤنس کے لیے اہلیت کے معیار سے متعلق سرکلر میں ترامیم کرکے منظوری کے لیے ایف بی آرکی بورڈ ان کونسل کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سرکلر میں ترامیم کے ذریعے ملازمین کے کارکردگی الاؤنس کو ان کے جرمانوں اور سزاؤں کے ساتھ بھی منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جن ملازمین و افسران کو ناقص کارکردگی کی بنیاد پر معمولی اور کم سزائیں ہوں گی۔

ان کا پرفارمنس الاؤنس 6ماہ اور جن ملازمین و افسران کو بھاری جرمانے اور بڑی سزائیں ہوں گی ان کے کارکردگی الاؤنس 1سال کے لیے معطل کردیے جائیں گے۔دستاویز میں بتایا گیاکہ اس حوالے سے جامع ترامیم پر مشتمل مسودہ تیار کرکے بورڈ ان کونسل کے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لیے بھجوایا جائے گا۔