ایف بی آر اور پرال کے درمیان نئے معاہدے پر اتفاق

FBR,PRAL

FBR,PRAL

اسلام آباد (جیوڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) اور پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ (پرال) کے درمیاں سروسز کی فراہمی کے نئے معاہدے پر اتفاق ہو گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق پرال بورڈ آف ڈائریکٹرز کی طرف سے جمعرات کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ساتھ سروسز کی فراہمی کے نئے معاہدے کی منظوری دی جائے گی۔ دستاویز کے مطابق ساڑھے 11 بجے بلائے گئے اجلاس کی صدارت ایف بی آر و پرال بورڈ کے چیئرمین طارق باجوہ کریں گے، اجلاس میں ایف بی آر کے ممبر ہیومن ریسورس مینجمنٹ و ممبر پرال بورڈ کے علاوہ ایف بی آر کے وہ دیگر 5 ممبران بھی شرکت کریں گے جو پرال بورڈ کے بھی ممبر ہیں۔

اس کے علاوہ ایف بی آر کی ممبر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پرال بھی اجلاس میں شرکت کریں گی۔ دستاویز کے مطابق اجلاس میں 4 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا جائیگا جس کے تحت ایف بی آر کو سروسز کی فراہمی کے نئے معاہدے کی منظوری کے علاوہ پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹد(پرال) رولز 2014 کی بھی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ پرال میں تعینات کیے جانے والے جنرل مینجر ایس ڈی کی تنخواہ کا بھی ازسر نوتعین کر کے اس کی منظوری دی جائے گی، اجلاس میں پرال کے کنٹریکٹ ملازمین کے معاملے کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور جن ملازمین کو نکالا گیا ہے یا جنہیں نکالنے کے لیے فہرستیں تیار کی گئی ہیں اس حوالے سے عدالتوں میں دائر ہونے والی درخواستوں سے متعلقہ معاملات بھی زیر غور آئیں گے۔