ایف بی آر نے ٹارگیٹڈ ٹیکس سروے شروع کردیا

FBR

FBR

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد بجلی کے کمرشل صارفین کے بلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے سمیت فنکاروں، کھلاڑیوں، ڈاکٹروں اور وکلا کو بھی ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔ یہ انکشاف چئیرمین ایف بی آر نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں کیا۔

اسلام آباد میں سنیٹر نسرین جلیل کی صدارت میں ہونے والے قائمہ کمیٹی کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ کا کہنا تھا کہ غیر ملکی دورے کرنے اور بڑی گاڑیاں خریدنے والوں اور بچوں کو زیادہ فیسوں پر پڑھانے والے نجی اسکولوں کا سروے کرایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا ڈاکٹروں وکلا فنکاروں اور کھلاڑیوں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ بجلی کے تمام کمرشل صارفین کے بلوں کی تفصیلات مانگ لی گئی ہیں، ایسے صارفین کا ڈیٹا جمع کررہے ہیں۔ چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ نے بتایا کہ انتالیس لاکھ لوگ پر تعیش زندگی گزارنے کے باوجود ٹیکس ادا نہیں کررہے۔ ایسے افراد کو نوٹسز جاری کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور دس ہزار نوٹسز جاری کیے جاچکے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ آئی ایم ایف سے تمام ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔