پھل اور فروٹ کی خصوصیات (خشک ميوے)

Dried Fruits - Fruit Nuts

Dried Fruits – Fruit Nuts

سرديوں کي لمبي راتوں ميں لحاف کو اپنے اردگرد لپيٹ کر باتيں کرنا سب کو پسند ہوتا ہے۔ ايسے ميں گرم گرما مونگ پھلي، چلغوزے، پستے اور دوسرے خشک ميوے باتوں کا مزہ اور بھي دوبالا کر ديتے ہيں۔ سچ ہے کہ خشک ميووں کے بغير سرديوں کي سرد ترين راتوں ميں کي جانے والي باتوں ميں وہي بات ہو جاتي ہے جو کہ بہترين کھانوں ميں ذرا سا نمک نہ ڈالنے سے ہوتي ہے يعني کہ باتيں پھيکي ہوجاتي ہيں ليکن خشک ميوے چکھتے رہيں تو باتوں کي چاشني کچھ اور ہي ہوجاتي ہے۔

معالجين کہتے ہيں کہ سردياں جسم ميں تازہ خون بنانے کا بہترين موقع فراہم کرتي ہیں اور سرديوں ميں کھائے جانے والے خشک ميوے يا ڈرائي فروٹ اپنے اندر وہ تمام ضروري غذائيت رکھتے ہيں جو جسم ميں توانائي اور تازہ خون بنانے کے لئے ضروري ہيں۔ يہ معدنيات اور حياتين سے پر ہوتے ہيں اور اسي غذائي اہميت کے پيشِ نظر معالجين انہيں ’’قدرتي کيپسول‘‘ بھي کہتے ہيں۔

اطباء بھي خشک ميوہ جات کي غذائي اہميت کو تسليم کرتے ہيں اور اکثر کو مغزيات کا درجہ ديتے ہيں۔ معالجين کے مطابق سرديوں ميں جو کچھ کھاؤ، وہ جسم کو لگتا ہے کيونکہ اس موسم ميں نظامِ ہضم کي کارکردگي بھي بہت تيز ہوجاتي ہے اور گرميوں کے مقابلے ميں زيادہ کام کرنے کو دل چاہتا ہے، ليکن دن چھوٹے ہوجائيں اور راتيں لمبي ۔۔۔ تو پھر ان لمبي راتوں کو گزارنے کے لئے باتيں اور ۔۔۔ خشک ميوے نہايت اچھے رفيق ہوتے ہيں ۔

آئيں، ديکھيں کہ خشک ميوے اپنے اندر کيا کيا غذائي صلاحيت رکھتے ہيں اور اس موسم ميں ہم ان سے صحت کے کون کون سے فوائد حاصل کرسکتے ہيں ۔

Walnut

Walnut

اخروٹ:
سرديوں ميں اخروٹ کي گري يعني اس کا مغز نہايت غذائيت بخش ميوہ تسليم کيا جاتا ہے۔ ماہرينِ غذائيت کے مطابق ايک سو گرام اخروٹ کي گري ميں فولاد 2.1 ملي گرام اور حرارے 656 ہوتے ہيں۔ اس کي بھني ہوئي گري سرديوں کي کھانسي کو دور کرنے کے لئے نہايت مفيد ہے ۔۔ اخروٹ کو کشمش کے ساتھ استعمال کيا جائے تو منہ ميں چھالے اور حلق ميں خراش ہوسکتي ہے۔ اسے دماغي قوت کيلئے بہت ہي فائدہ مند تسليم کيا جاتا ہے ۔

بادام:
بادام صديوں سے قوتِ حافظہ، دماغ اور بينائي کے لئے نہايت مفيد قرار ديا جاتا رہا ہے۔ اس ميں وٹامن اے، وٹامن بي کے علاوہ روغن اور نشاستہ بھي موجود ہوتا ہے۔ يہ اعصاب کو طاقتور بناتا ہے اور قبض کو ختم کرتا ہے۔ دماغي کام کرنے والوں کے لئے اس کا استعمال ضروري قرار ديا جاتا ہے۔ ماہرين غذائيت کے مطابق ايک سو گرام بادام کي گري ميں کيلشيم کي مقدار 254 ملي گرام، فولاد 2.4 ملي گرام، فاسفورس 475 ملي گرام اور حرارے 597 ہوتے ہيں۔

تل:
تل بھي موسمِ سرما کي خاص سوغات ميں سے ايک ہے۔ جن بڑوں يا بچوں کو کثرت سے پيشاب کا مرض ہو اور سرديوں ميں بوڑھے افراد کو اس کي زيادتي ہو يا پھر جو بچے سوتے ميں بستر گيلا کر ديتے ہوں، ان کو تل کے لڈو کھلانے چاہئيں۔ اس سے کثرتِ پيشاب کي شکايت دور ہو جاتي ہے۔ اس کے علاوہ يہ جسم ميں گرمي پيدا کرتے ہيں۔ جن بوڑھوں کو بہت زيادہ سردي لگتي ہو ان کے لئے تو بہت ہي مفيد ہيں۔

ماہرين غذائيت کے مطابق تل بہت توانائي بخش ہے۔ اس ميں معدني نمک اور پروٹين کے علاوہ ليسي تھين بھي کافي زيادہ ہوتي ہے۔ يہ فاسفورس آميز چکنائي دماغ اور اعصاب کے لئے بہت ہي مفيد ہے۔ واضح رہے کہ ليسي تھين تل کے علاوہ انڈے کي زردي، گوشت اور ماش کي دال ميں بھي پايا جاتا ہے۔

Pine Nut

Pine Nut

چلغوزے :
چلغوزے گردے، مثانے اور جگر کو طاقت ديتے ہيں۔ سرديوں ميں اس کے کھانے سے جسم ميں گرمي بھر جاتي ہے۔ چلغوزے کھانا کھانے کے بعد کھائيں۔ اگر کھانے سے پہلے انہيں کھايا جائے تو بھوک ختم ہوجاتي ہے۔

کشمش:
کشمش دراصل خشک کئے ہوئے انگور ہيں۔ چھوٹے انگوروں سے کشمش اور بڑے انگوروں سے منقيٰ بنتا ہے۔ کشمش اور منقيٰ قبض کا بہترين توڑ ہيں۔ يہ نزلہ کھانسي ميں مفيد اور توانائي کے حصول کا بہترين ذريعہ ہيں۔ ماہرينِ غذائيت کے مطابق ايک سو گرام کشمش ميں پوٹاشےئم 275 ملي گرام جبکہ فولاد 1.3 ملي گرام ہوتا ہے۔

Peanut

Peanut

مونگ پھلي:
مونگ پھلي تو سرديوں ميں سب کا من بھاتا سستا ميوہ ہے۔ اس ميوے کي ايک خاصيت اس ميں بہت زيادہ تيل کا ہونا ہے ليکن دلچسپ بات يہ ہے کہ مونگ پھلي ميں موجود تيل يا چکناہٹ جسم کے کولسٹرول کو نہيں بڑھاتي ہے۔ ماہرين غذائيت کے مطابق ايک سو گرام مونگ پھلي ميں 37.8 فيصد نشاستہ اور 31.9 فيصد پروٹين موجود ہوتا ہے۔ اس ميں وٹامن بي 1 کے علاوہ کيلشيم اور فاسفورس بھي پايا جاتا ہے۔ غذائيت ميں مونگ پھلي اخروٹ کي ہم پلہ ہے۔

پستہ:
پستے کا شمار بھي مغزيات ميں کيا جاتا ہے۔ يہ جسم ميں حرارت بھي پيدا کرتا ہے جبکہ قوتِ حافظہ، دل، معدے اور دماغ کے لئے بھي مفيد ہے۔ اس کے متواتر استعمال سے جسم ٹھوس اور بھاري ہو جاتا ہے۔ مغز پستہ سرديوں کي کھانسي ميں بھي مفيد ہے اور پھيپھڑوں سے بلغم خارج کر کے انہيں صاف رکھتا ہے۔ پستے ميں کيلشيم، پوٹاشيئم اور حياتين بھي اچھي خاصي مقدار ميں موجود ہوتے ہيں۔ ايک سو گرام پستے کي گري ميں 594 حرارے ہوتے ہيں۔