کراچی : انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے مرکزی صدر محمد زبیر صدیقی ہزاروی نے کہا ہے کہ اسلام نے عورت کے قدموں تلے جنت رکھ دی اور عورت کو تاریکی سے نکال کر روشنی سے متعارف کروایا، عورتوں کے حقوق کو عام کیامگر آج کے مغرب زدہ معاشرے نے عورتوں کے تقدس کو بازار کی طرف دھکیل دیا، آج جو کچھ معاشرے میں ہو رہا ے وہ اس بات کی دلیل ہے کہ ہم معاشرتی زوال کی طرف بڑھتے جا رہے ہیں، کون برداشت کرسکتا ہے کہ اس کی جوان بہن یا بیٹی کسی پارک میں غیر مرد کے ساتھ بیٹھ کی بے شرمی و بے حیائی کی بات کرے مگر معاملات اس سے آگے نکل گئے ہیں۔
اللہ اس قوم کی حالت نہیں بدلتا ہے جس کو خود اپنی حالت بدلنے کا خیال نہیں ہوتا ہے،کراچی ڈویژن کی عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے مرکزی صدر محمد زبیر صدیقی ہزاروی نے کہا کہ14فروری کو ملک بھر میں یوم حیا کے طو ر پر منائیں گے، مغرب نے ہمار ی قوم کو فحاشی و عریانی کا کلچر دیا، جو نوجوان دوسرے کی بہن کو غلط مقاصد کے لئے ابھارتے ہیں انہیں اپنی گھر کی فکر بھی کرنی چاہیے ،برائی ہمیشہ لوٹ کر آتی ہے،زنا کے اسباب مہیا کرنے کے لئے مغرب نواز لابی ویلنٹائین مناتے ہیں، قوم کی بہو، بیٹی کی عزت خراب کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، بسنت کی طرح سے ویلنٹائن پر بھی پابندی لگائی جائے،انجمن طلبہ اسلام صوبہ سندھ کے جنرل سیکرٹری نبیل مصطفائی نے کہا کہ اسلامی کلچر عام کرنے کے لئے وسیع تر حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
جو ویلنٹائن ڈے منائیں گے ہم ان کو یوم حیا کی دعوت دینگے،جس میں حیا نہیں ہے ا س میں دین باقی نہیں رہتا ہے،نوجوان نسل کو اسلامی ثقافت کے قریب لانے کے لئے انہیں مغربیت کے نقصانات سے آگاہ کرنا ہوگا، قوم کو فحاشی، عریانی اور بے حیائی نے دیمک زدہ کردیا ہے،انجمن طلبہ اسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سیف الاسلام نے کہا کہ اسلام نے حیا اور عفت کادرس اور خواتین کی حرمت کا پیغام دیا ہے،صوبائی رہنما جنید احمد سیال نے کہا کہ انجمن طلبہ اسلام بے حیائی کے کلچر کے خلاف ڈھال بن کر سامنے آئے گی،ناظم کراچی اسامہ مصطفی اعظمی اور جنرل سیکرٹری کراچی بابر مصطفائی نے کہا کہ کراچی کے چھ اضلاع اور اٹھارہ زون میں حیا و ایمان کانفرنس منعقد کر رہے ہیں، پہلی کانفرنس بروز ہفتہ بعد نماز عشاء نورانی اکیڈمی کھارادار، لیاری ٹائون میں منعقد کی جائے گی، کراچی ڈویژن کی عاملہ سے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سیف الاسلام،صوبائی سیکرٹری اطلاعات جنید سیال، جنرل سیکرٹری بابر مصطفائی اورناظم کراچی کراچی اسامہ مصطفی اعظمی نے خطاب کیا، مغربی کلچر کے فروغ کے خلاف ملک گیر حکمت عملی کا اعلان بھی کیا، چاروں صوبوں کی عاملہ اور کابینہ کا اجلاس 12فروری صوبائی دالخلافہ میں ہو گا۔