فیڈرل بی ایریا کے مکینوں کو بجلی کے بھاری بوگس بل جاری، کے الیکٹرک کا درستی سے انکار

Electric

Electric

کراچی (جیوڈیسک) کے الیکٹرک نے فیڈرل بی ایریا کے مکینوں کو بڑی تعداد میں بغیر کسی جواز کے بوگس بل جاری کردیے۔ آئی بی سی فیڈرل بی ایریا کے افسران بوگس بل صارفین کو ہر صورت بجلی کے بل بھرنے کا مشورہ دے رہے ہیں، کے الیکٹرک کے بلنگ نظام سے شہریوں کی شکایات بڑھ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی نجی انتظامیہ نے اپنی روایت کے مطابق آمدنی میں اضافے کے لیے اپنے تمام زونز کے افسران کے لیے سخت اہداف مقرر کر دیے جس میں آئی بی سی فیڈرل بی ایریا سرفہرست ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ انچارج آئی بی سی فیڈرل بی ایریا تبسم کنول نے گزشتہ چند ماہ کے دوران اپنے اہداف پورے نہ ہونے پر رواں ماہ جاری کیے جانے والے بلوں میں بیشتر صارفین کو 10 ہزار سے 55 ہزار روپے تک کے اضافی بل جاری کردیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اضافی بل کروڑوں روپے کے ہیں،اس سلسلے میں جب صارفین متعلقہ منیجر سے اپنا بل درست کرانے کیلیے ملاقات کرتے ہیں تو ان کی درخواست بھی وصول نہیں کی جاتی اور انھیں ہدایت کی جاتی ہے کہ بل کی اقساط کرا کے بھر دیں، جب صارفین یہ سوال کرتے ہیں۔

کہ اضافی بل کا جواز فراہم کیا جائے تو انھیں کہا جاتا ہے کہ جواز ہو یا نہ ہو انھیں بل ہر صورت میں ادا کرنا ہے ، جبکہ تبسم کنول نے بلنگ کی شکایات لے کر آنے والے صارفین کے ان کے دفتر میں داخل ہونے پر پابندی لگا رکھی ہے اور وہ کسی بھی صارف کی شکایت سننا گوارا نہیں کرتی ہیں، کے الیکٹرک نے ہیڈ آفس میں پہلے ہی گزشتہ کئی سال سے شکایات لے کر آنے والے صارفین کے داخلے پر پابندی لگادی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال کے الیکٹرک کی انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ افسران کو بوگس بل جاری کرنے کی ہدایات پر مبنی ای میل سامنے آنے کے بعد کے الیکٹرک نے نچلے درجے کے چند افسران کو فارغ کردیا تھا ، نیپرا نے الزام ثابت ہونے پر کے الیکٹرک پر جرمانہ عائد کیا تھا، صارفین نے بتایا کہ الیکٹرک انسپکٹر سندھ اور نیپرا حکام صارفین کی شکایات پر کوئی کارروائی نہیں کررہے ہیں، صارفین اضافی بلنگ کی درستی کیلیے ٹھوکریں کھارہے ہیں۔