وفاقی بجٹ سرمایہ دارانہ و جاگیردارانہ بجٹ ہے‘ اے پی ایم ایل

APML

APML

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پرویز مشرف کی سیاسی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ نے وفاقی بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف نہ دیئے جانے پر اظہار افسوس و مذمت کرتے ہوئے اس بجٹ کو سرمایہ دارانہ و جاگیردارانہ بجٹ قرار دیا ہے۔

اے پی ایم ایل سندھ کے صدر سید شہاب الدین شاہ حسینی کے مرحوم صاحبزادڈاکٹر زیشان حیدر کے چہلم کے موقع پر ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید نے بجٹ 2015-16 کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی و اندرونی خلفشار اور بیرونی جارحیت سے دوچار پاکستان کے دفاعی بجٹ میں 11فیصد اضافہ سے یقینا دفاع مضبوط ہوگا اور دہشتگردی سے نجات پانے میں معاونت ملے گی لیکن مشروبات ‘ الیکٹرونکس اشیاء‘ میک اپ اور سگریٹ و دیگر اشیاء کی ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ ‘ مختلف شعبوں میں دی جانے والی سبسڈی میں کمی ‘ٹیکس چھوٹ کے خاتمے اور اربوں روپے کے نئے ٹیکس اقدامات سے کھانے پینے کی اشیاءمہنگی ہوجائیں گی۔

جس کی وجہ سے پیداوار میں کمی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوگا جو یقینا عوام پر ظلم اور ان کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہے ۔ طاہر حسین نے مزید کہا کہ ذرعی و صنعتی مشینری پر ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی کی شرح میں کمی کے ساتھ گاڑیوں کی رجسٹریشن و ملکیت تبدیلی فیس میں کمی کے ذریعے استحصالی طبقات ‘جاگیرداروں ‘ صنعتکاروں ‘ سرمایہ داروں اور مراعات یافتہ طبقات کو نوازاگیا ہے جو حکومت کی عوام دشمنی کا منہ بولتاثبوت ہے۔