اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت خزانہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کے نظرثانی شدہ پے اسکیل جاری کرنیکی تجویز مسترد کر دی ہے۔ ذرائع نے بتایاکہ وزارت خزانہ کے ریگولیشن ونگ کیطرف سے اگلے بجٹ میں سرکاری ملازمین کے پے اسکیل پر نظرثانی کیلیے ورکنگ بارے پوچھا گیا تھا، وزارت خزانہ نے ریگولیشن ونگ کی پے اسکیل پر نظرثانی بارے ورکنگ کی تجویز مسترد کر دی اور کہا کہ پے سکیلزپر 2015-16 میں نظر ثانی کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے ہرتین سال بعد ملازمین کے نظر ثانی شدہ پے اسکیل جاری کرنیکااعلان کیا تھا۔ جس کے تحت اگلے سال پے اسکیلز پر نظرثانی کی جائیگی۔ اس سے قبل 2011-12 میں پے اسکیلز پر نظرثانی کی گئی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ اب سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ہو گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے دس فیصداضافہ تجویز کیا جائیگا اور توقع ہے کہ کابینہ کے اجلاس میںاس تجویز شدہ اضافے کی شرح کو بڑھا کر پندرہ فیصد کیے جانیکاامکان ہے۔