کراچی : معروف مذہبی اسکالر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے وفاقی بجٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حسب توقع بجٹ میں عوام کو نظر انداز کرکے ساری ریلیف سرمایہ داروں اور وڈیروں کو دی گئی ہے
ملک کے 60 فیصد سے زائدغریبوں کی امیدوں پر پانی پھیرا گیاہے اور سرمایہ دار وڈیرے طبقے کومزیدسہولیات فراہم کی گئی ہیں، وفاقی بجٹ کو قوم مسترد کرتی ہے ،نظر ثانی کی جائے، وزیر اعظم نے وعدہ کیاتھاکہ بجٹ عوام دوست ہوگاجبکہ بجٹ میں میں غریب کو بھاری بھرکم ٹیکسز کے علاوہ کچھ نہیں دیا گیا وزیر خزانہ صاحب سے کہتاہوںکہ 13 ہزار میں گھر چل سکتاتو مہنگائی کے باعث غریب خودکشی کرنے پر مجبور کیوںہوتے۔
ہفتہ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں وفاقی بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے مفتی محمد نعیم نے کہاکہ بجٹ میں غریب کے منہ کا نوالہ چھین کر وڈیروں ،سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کو کھلانے کی کوشش کی گئی ہے، صحت، تعلیم، زراعت اورصنعت ودیگر بنیادی شعبوںکی ترقی کو نظر اندازکیا گیاہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں صرف ساڑھے سات فیصد بڑھانا گھناونا مذاق ہے،تنخواہوں میں اضافہ مہنگائی کی شرح کے اعتبار سے ہونا چاہیے تھا نہ کہ حکمرانوں کی من مانی سے، انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت بجٹ پر نظر ثانی کرے، اس بجٹ کے نتیجے میں صرف امیر کو ترقی ملے گی
غربت کاگراف بڑھے گا اور غریب غربت کی لکیرسے بھی نیچے زندگی گزارنے پرمجبورہوجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں 60فیصد سے زائد غریب ہیں جن میں سے اکثر غربت کی لیکر سے نیچے زندگی گذارنے پر مجبور ہیں،ملک میںدہشت گردی کے بعدسب سے بڑمسئلہ غربت وبے روزگاری ہے، اس کے باوجود بجٹ میں غریب کو نظرانداز کرنا عوام کے معاشی قتل کے مترادف ہے
جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،انہوںنے کہاکہ بجٹ میں ریلیف دینے کے بجائے ایک طویل تقریر کے ذریعے سے صرف الفاظ کے ہیر پھیر کے ذریعے عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی گئی ہے اورغریب کو نظرانداز کرکے بجٹ کے حوالے سے وابستہ عوامی توقعات کا خون کیاگیاہے۔انہوں نے کہا گزشتہ کی طرح یہ بجٹ بھی آئی ایم ایف کے قرضوں پر بنایا گیا،یوں معلوم ہوتاہے کہ بجٹ عوامی امنگوں کے مطابق نہیں بلکہ آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق بنایاگیاہے۔
علاوہ ازیں مفتی محمد نعیم نے اہلسنت والجماعت کے مرکزی صدر مولانا اورنگزیب فاروقی کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مولانا اورنگزیب فاروقی محب وطن اور امن پسند لیڈر ہیں ان کی گرفتاری مذہبی طبقے کیلئے تشویش ہے ، حکومت مولانا اورنگزیب فاروقی کو جلد رہا کرے۔