اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس شروع ہو گیا ہے۔ اجلاس کے پہلے مرحلے میں آج تین وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج صبح نو بجے شروع ہو گیا، وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں وزارت پٹرولیم، وزارت ریلوے اور وزارت پلاننگ اینڈ کمیشن کابینہ کو بریفنگ دیں گے، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وزیر برائے پلاننگ اینڈ کمیشن احسن اقبال اپنی کارکردگی سے کابینہ کو آگاہ کریں گے۔
اجلاس کے آج ہونے والے پہلے مرحلے میں وزیر اعظم سمیت وفاقی وزراء بریفنگ دینے والے تینوں وزراء سے گزشتہ پندرہ ماہ کی کارکردگی سے متعلق سوالات کریں گے۔ وزارت پانی بجلی، وزارت داخلہ اور دیگر وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ محرم الحرام کے بعد ہونے والے اجلاس میں لیا جائے گا۔