وفاقی کابینہ کا منگل کو اجلاس طلب، 15 نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا

Federal Cabinet Meeting

Federal Cabinet Meeting

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو ہو گا جس میں 15 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی جائے گی، قرضوں سے متعلق انکوائری کمیشن کی تشکیل کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہو گا، ذرائع کے مطابق وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم میں ہوئے معاہدے اور عالمی رہنمائوں سے ہوئی باہمی بات چیت پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے، اجلاس میں 24 ہزار ارب کے قرضوں کے حوالے سے انکوائری کمیشن کی تشکیل کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔

کابینہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور معاشی اقدامات کا بھی جائزہ لے گی اور 15 نکاتی ایجنڈہ پر بھی غور کرے گی، ایجنڈے میں احساس پروگرام، ویزا پالیسی کو نرم بنانا، پاک ایران میری ٹائم سرچ اینڈ ریسکیو معاہدے کی منظوری بھی شامل ہے۔

کابینہ ریلوے بورڈ کے نجی رکن کی تعیناتی کی بھی منظوری دے گی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں کام کرنے والے ملازمین کو مستقل کرنے کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔