لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ڈرون حملے بندکرا سکتی ہے اور نہ ہی ڈرون گرانے کا حکم دے سکتی ہے۔ حکمران جھوٹ کی سیاست ترک کر کے قوم کواصل حقائق سے آگاہ کریں۔
ایم کیوایم کی تنظیمی کمیٹی اور رابطہ کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایک طرف تو حکومت اور طالبان کی ہمدرد جماعتیں قوم سے امریکی حملوں کے خلاف احتجاج کرواتی ہیں جبکہ دوسری طرف امریکہ ہی سے ڈالرز بھی مانگتی ہیں، ان میں صوبہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی برسر اقتدار حکومت بھی شامل ہے۔ وفاقی حکومت نہ تو ڈرون حملے بند کرا سکتی ہے اور نہ ہی مسلح افواج کوڈرون گرانے کاحکم دے سکتی ہے۔
الطاف حسین نے کہا کہ ایک طرف طالبان بے گناہ انسانوں کا قتل عام کرتے ہیں تو دوسری جانب ان کے خیرخواہ دھرنوں اور احتجاجی مظاہروں کی سیاست کر کے ان کے جرائم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔
الطاف حسین نے انچولی دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر وفاقی اورصوبائی حکومتیں طالبان کے حملے نہیں رکوا سکتیں۔ تو عوام اپنے دفاع میں جہاد کا اعلان کرنے میں حق بجانب ہوں گے۔