گوجرانوالہ (جی پی آئی) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سے گوجرانوالہ پریس کلب کیلئے خصوصی گرانٹ حاصل کرینگے اور پریس کلب کیلئے نئی اراضی کے حصول اور صحافی کالونی کیلئے پنجاب حکومت سے بات کرینگے تاکہ گوجرانوالہ میں پریس کلب کی ایک شایان شان عمارت کی تعمیر ممکن ہو سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ پطریس کلب کے وفد سے اسلام آباد میں اپنے آفس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت صد رپریس کلب طارق منیر بٹ نے کی جبکہ سینئر صحافی محمد اکرم ملک ‘ محمد اعظم بٹ ‘ نائب صدر پریس کلب ڈاکٹر عمر نصیر ‘ جنرل سیکرٹری تنویر بٹ ‘ محمد عمر بٹ وفد میں شامل تھے۔
صدر پریس کلب طارق منیر بٹ نے انجینئر خرم دستگیر خان کو پریس کلب کے مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ جی ڈی اے ہائوسنگ سٹی میں گوجرانوالہ کے صحافیوں کیلئے 10 فیصد پلاٹوں کا کوٹہ مختص کیا جائے اور پریس کلب کیلئے نئی اراضی اور فنڈز جاری کئے جائیں۔ وزیر تجارت نے یقین دہانی کروائی کہ وہ ذاتی دلچسپی لیکر صحافیوں کے مسائل حل کروائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ گوجرانوالہ کے صحافیوں کا اتحاد خوش آئند ہے۔
اس سے صحافیوں کے مسائل جلد حل ہونگے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ جی ڈی اے سٹی میں صحافیوں کیلئے خصوصی کوٹہ مختص کروائیں گے۔ بعد ازاں گوجرانوالہ پریس کلب کے وفد نے پی ایف یو جے کے مرکزی صدر محمد افضل بٹ سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ملاقات کی اور گوجرانوالہ کے صحافیوں کے مسائل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
افضل بٹ نے کہا کہ وہ گوجرانوالہ پریس کلب کے شانہ بشانہ صحافیوں کے مسائل حل کروانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔ اس موقع پر صدر نیشنل پریس کلب شہریار احمد بھی موجو د تھے۔ صدر نیشنل پریس کلب شہریار احمد نے کہا ہے کہ وہ جلد گوجرانوالہ پریس کلب کا دورہ کرینگے۔