کراچی (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت امن کیلئے مذاکرات سمیت ہر آپشن پر عمل کرے گی، عوام کے تحفظ کیلئے کسی حد تک بھی جانے کو تیار ہیں۔ یہ بات مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکریٹری سلیم ضیا، صوبائی سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر اور دیگر نے مشترکہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پر امن اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کے لئے کوشاں ہے، دھماکے، لاقانونیت اور امن و امان کے مسائل کے حل کے لئے ہماری کوشش صوبوں کے تعاون سے بہت جلد کامیابی سے ہمکنار ہونگی۔
مسلم لیگ (ن) کی حکومت روشن پاکستان کے خواب کو عملی جامہ پہنائے گی، پاکستان میں ماضی کا ناکام اور مایوس کن دور کبھی واپس نہیں آئے گا۔ جمہوری عمل کے خلاف سرگرم قوتوں کا مقدر مایوسی کے سوا کچھ نہیں۔ ملک دشمن عناصر جمہوری عمل کو ڈی ریل کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔