وفاقی حکومت کا طالبان کیخلاف فضائی کارروائیاں معطل کرنیکا اعلان

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

اسلام آباد (جیوڈیسک) طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے بعد وفاقی حکومت نے طالبان کے خلاف فضائی کارروائیاں معطل کرنے کا اعلان کردیا، وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا ہے کہ کسی بھی پر تشدد کارروائی کے خلاف حکومت اور افواج پاکستان مناسب جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہیں۔

وزارت داخلہ کے اعلامیہ کے مطابق چودھری نثار کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کو مثبت پیش رفت سمجھتی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اب تک طالبان کے خلاف کوئی باقاعدہ فوجی آپریشن کیا گیا نہ ہی کسی قسم کی کوئی بلاجواز کارروائی کی۔

حکومت نے جو بھی کارروائی کی وہ پر تشدد کارروائیوں کے رد عمل میں کی گئی۔ چودھری نثار نے کہا کہ وفاقی حکومت نے طالبان کے خلاف فضائی کارروائیاں روکنے کا فیصلہ طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے بعد کیا ہے۔وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ حکومت اور فوج دہشت گردی کی کسی بھی کارروائی کا مناسب جواب دے گی۔