اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزراء نے پاکستان تحریکِ انصاف اور عوامی تحریک سے اپیل کی ہے کہ وہ اسلام آباد کے ریڈ زون میں اپنے دھرنے کو ختم کردیں۔ گزشتہ روز بدھ کو وفاقی وزراء احسن اقبال، زاہد حامد، انوشہ رحمان اور محمد زبیر نے اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں کے سربراہ جس طرح کی زبان استعمال کر رہے ہیں اس سے ہٹلر اور مسولینی کی تقاریر ذہن میں آتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ درج ہوچکا ہے، پاکستان تحریک انصاف بھی پارلیمنٹ میں واپس آچکی ہے، اور امید ہے کہ دونوں جماعتیں اب دھرنے ختم کر دیں گی۔ وفاقی وزراء نے عمران خان کے تمام الزامات کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی باتیں مفروضوں پر مبنی ہیں۔
وفاقی وزراء کا کہنا تھا دھرنا دینے والی دونوں جماعتیں چاہتی ہیں کہ یہاں لاشیں گریں۔ دنیا کے کسی بھی ملک کے دارالحکومت میں احتجاج کرنے والے اس طرح خیمہ زن نہیں ہوتے۔ انہوں نے اپیل کی کہ دونوں جماعتیں اپنے کارکنوں پر رحم کریں اور دھرنے ختم کرنے کا اعلان کریں۔