اسلام آباد (جیوڈیسک) سیکریٹری قانون، سیکریٹری سٹیبلشمنٹ اور وزیر اعظم کے سیکریٹری نے وفاقی محتسب کی تقرری سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے وفاقی محتسب تقرری سیمتعلق کیس کی سماعت کی۔ سابق وفاقی محتسب سلمان فاروقی نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر کہا کہ عدالتی حکم پر حاضر ہو گیا ہوں۔ میری اہلیہ امریکہ میں زیر علاج ہے۔ مجھے بھی خون کا کینسر ہے۔
بچنے کی شرح بہت کم ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیے کہ ہر شخص پر مشکلات آتی ہیں، اللہ پر بھروسہ رکھیں۔ سلمان فاروقی کے وکیل وسیم سجاد نے کہا کہ عدالتی حکم پر سلمان فاروقی خود حاضر ہیں۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم نے نہیں بلایا، آپ کے وکیل نے بتایا تھا کہ آپ اپنا موقف خود پیش کرینگے۔
سلمان فاروقی نے کہا کہ موقف پیش کرنے کیلئے موقع فراہم کرنے پر شکر گزارہوں۔ وسیم سجاد نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عادل گیلانی نے خط کے ذریعے سلمان فاروقی کی تقرری چیلنج کی۔ سیکرٹری قانون، اسٹیبلشمنٹ اور وزیر اعظم کے سیکرٹری سے رپورٹ مانگی گئی رپورٹس عدالت میں جمع کرائی جا چکی ہیں۔ تینوں سیکریٹریوں نے رپورٹ میں سلمان فاروقی کی نگران حکومت میں تقرری کی تردید کی گئی ہے۔ کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔