کراچی (جیوڈیسک) پاک سر زمین پارٹی کے مرکزی دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ چند لوگ کروڑوں لوگوں کی قسمت کے فیصلے کر رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ بجٹ کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے خرچ کرنے کے لئے صوبائی مالیاتی کمیشن کا قیام نا گزیر ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو آئین کے مطابق ان کے اختیارات واپس دیے جائیں۔
مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ سندھ کو وفاق سے 36 ہزار 370 ملین گیلن پانی یومیہ ملتا ہے جس سے کراچی کو 550 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے جو پورے سندھ کو فراہم کیے جانے والے پانی کا 1.5فیصد ہے۔
انہوں نے سندھ حکومت سے پانی کے غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مصطفی کمال نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں ممکنہ بارشوں کے پیش نظر فوری طور پر نالوں کی صفائی کرائی جائے اور گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن قائم کیئے جائیں۔
مصطفی کمال نے پریس کانفرنس کے اختتام پر پارٹی کی باقاعدہ رجسٹریشن کے کاغذات بھی دکھائے۔