وفاق نے سندھ حکومت کی سمری مسترد کرتے ہوئے رینجرز کے تمام اختیارات بحال کردیئے

Rangers

Rangers

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز کے اختیارات محدود کرنے کی سمری کو مسترد کرتے ہوئے اس کے تمام خصوصی اختیارات بحال کرتے ہوئے ان میں 60 روز کی توسیع کردی ہے۔

وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز کے اختیارات محدود کرنے سے متعلق بھیجی گئی سمری اعتراض لگا کر مسترد کردی جب کہ صوبے میں رینجرز کے تمام خصوصی اختیارات بحال کرتے ہوئے ان میں 60 روز کی توسیع کردی ہے۔ ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے وزارت داخلہ کو سمری بھیجی گئی تھی جس میں رینجرز کو دیئے گئے اختیارات سے آگاہ کیا گیا تھا۔

جس پر وزارت داخلہ نے رینجرز اختیارات محدود کرنے کا سندھ حکومت کا مؤقف مسترد کرتے ہوئے اسے خلاف قانون قرار دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کا مؤقف آئین کے آرٹیکل 143 کے تحت مسترد کیا جس سے سندھ حکومت کو خط کے ذریعے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاق کی جانب سے سندھ حکومت کو جوابی خط بھیجا گیا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ رینجرز کے اختیارات پر قدغن کسی صورت قبول نہیں جب کہ آئین کے آرٹیکل 143 کے مطابق وفاقی قانون کو صوبائی قانون پر ترجیح حاصل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ وفاق کی جانب سے بھیجے گئے خط میں سندھ حکومت کو رینجرز اختیارات کی غیر مشروط سمری بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے سندھ اسمبلی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے لیے قرارداد منظورکی گئی تھی جس میں رینجرز کو دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، فرقہ وارانہ قتل اور اغوا برائے تاوان کے خلاف کارروائی کا اختیار دیا گیا تھا جب کہ کسی بھی اہم شخصیت کی گرفتاری اور سرکاری دفتر پر چھاپہ وزیراعلیٰ کی اجازت سے مشروط کیا گیا۔